گھوٹکی ( نامہ نگار مشتاق علی لغاری):گھوٹکی پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے موٹر وے سے چوری شدہ جالیاں اور تاریں برآمد کر لیں۔ یہ کارروائی ایس ایس پی گھوٹکی محمد انور کھیتران کی ہدایت پر تھانہ بی سیکشن کے ایس ایچ او رفیق احمد سیلرو بمہ اور اسٹاف نے خفیہ اطلاع پر انجام دی۔
پولیس کے مطابق، گاؤں واحد بخش عاربانی میں کارروائی کے دوران چوری میں ملوث ملزمان گھر چھوڑ کر فرار ہو گئے۔ پولیس نے موقع سے برآمد شدہ سامان قبضے میں لے لیا اور 07 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔
چوری میں ملوث ملزمان میں حاجن عاربانی، علی گل عاربانی، مزاری عاربانی، واحد بخش عاربانی، ماندھل عاربانی اور دو نامعلوم افراد شامل ہیں، جو پولیس کو دیکھتے ہی فرار ہو گئے۔
ایس ایس پی گھوٹکی محمد انور کھیتران نے پولیس پارٹی کو بہترین کارکردگی پر شاباشی دیتے ہوئے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رہیں گی۔
پولیس نے ملزمان کے خلاف موٹر وے پولیس کی مدعیت میں کرائم نمبر 119/2025، دفعہ 379 اور 411 ت پ کے تحت مقدمہ درج کر دیا ہے۔