گھوٹکی (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار مشتاق علی لغاری) ضلع گھوٹکی کے کچہ ایریا میں امن و امان کی بحالی کے لیے سکھر رینج پولیس، وفاقی سول انٹیلیجنس ایجنسی اور سندھ رینجرز نے مشترکہ ٹارگیٹڈ آپریشن کرتے ہوئے کوش گینگ کے دو انتہائی خطرناک ڈاکو ہلاک اور 12 کو گرفتار کر لیا ہے۔ ڈی آئی جی ناصر آفتاب، ایس ایس پی گھوٹکی محمد انور کھیتران، ایس ایس پی خیرپور ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو اور ایس ایس پی سکھر اظہر مغل کی براہِ راست قیادت میں کی جانے والی اس کارروائی میں 8 سے 10 ڈاکوؤں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔ پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں کی شناخت ملاؤ کوش اور محمد مراد عرف ڈاڈو کوش کے طور پر ہوئی ہے، جو اغوا برائے تاوان، ڈکیتی، قتل اور موٹر وے پر حملوں سمیت سنگین جرائم کے درجنوں مقدمات میں مطلوب تھے۔ ہلاک ڈاکو ملاؤ کوش کے خلاف سندھ اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں 40 سے زائد جبکہ محمد مراد کے خلاف 16 سے زائد مقدمات درج تھے اور وہ پولیس افسران کو براہِ راست دھمکیاں دینے میں بھی ملوث تھے۔
آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے کوش گینگ کے متعدد ٹھکانوں تک رسائی حاصل کر کے وہاں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور دیگر مشتبہ مواد برآمد کر لیا، جس کے بعد ڈاکوؤں کے زیرِ استعمال ٹھکانوں کو نذرِ آتش کر کے مسمار کر دیا گیا۔ ترجمان گھوٹکی پولیس کا کہنا ہے کہ کچہ میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف یہ فیصلہ کن کارروائی پوری شدت کے ساتھ جاری رہے گی اور ریاست کی رٹ ہر صورت قائم کی جائے گی۔ پولیس اور رینجرز نے عزم ظاہر کیا ہے کہ جب تک ڈاکوؤں کا مکمل خاتمہ یا غیر مشروط سرنڈر نہیں ہو جاتا، آپریشن ختم نہیں کیا جائے گا۔ دوسری جانب علاقہ مکینوں اور سول سوسائٹی نے سکیورٹی فورسز کی اس کامیاب کارروائی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ان اقدامات سے علاقے میں دیرپا امن قائم ہو سکے گا۔