ٹھٹھہ ( کیو این این ورلڈ/ڈسٹرکٹ رپورٹر بلاول سموں) تحصیل گھوڑا باڑی کی یوسی جاڑا دالی کے گاؤں حاجی احمد جاڑا میں نامعلوم چوروں نے رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بجلی کا ٹرانسفارمر پول سے اتار کر اس میں موجود قیمتی پرزے چوری کر لیے۔ ٹرانسفارمر کی اس چوری کے باعث پورا گاؤں بجلی سے محروم ہو گیا ہے، جس کی وجہ سے رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں اہل علاقہ اور روزے داروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق چوروں نے پہلے ٹرانسفارمر کو پول سے نیچے اتارا اور پھر اسے قریبی کھیت میں لے گئے جہاں اسے بڑی مہارت سے کھول کر اس کے اندر موجود مہنگے حصے اور تانبے کے کوئلز نکال لیے، جبکہ ٹرانسفارمر کا ڈھانچہ وہیں چھوڑ کر فرار ہو گئے۔ صبح جب دیہاتیوں کو اس واردات کا علم ہوا تو پورے علاقے میں رنج و غم اور شدید غم و غصے کی لہر دوڑ گئی۔

گاؤں کے معززین حاجی احمد جاڑا، حاجی عبدالشکور جاڑا، ولی محمد جاڑا، عثمان جاڑا، سکندر جاڑا اور لطف اللہ جاڑا نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ یہ ظلم کی انتہا ہے کہ رمضان جیسے بابرکت مہینے میں بھی ظالم چوروں نے گاؤں کا ٹرانسفارمر چوری کر کے پوری آبادی کو اندھیرے میں دھکیل دیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بجلی نہ ہونے کی وجہ سے سحری و افطاری کی تیاریوں سمیت روزمرہ کے تمام کام بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔

اہل علاقہ نے سیپکو انتظامیہ اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر نیا ٹرانسفارمر فراہم کر کے گاؤں کی بجلی بحال کی جائے تاکہ شہریوں کی پریشانی ختم ہو سکے۔ انہوں نے پولیس سے بھی مطالبہ کیا کہ چوری کی واردات میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے تاکہ آئندہ کوئی ایسی حرکت کرنے کی ہمت نہ کر سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے