ڈیرہ غازی خان (کیو این این ورلڈ) غازی یونیورسٹی میں قومی سلامتی اور بین الصوبائی ہم آہنگی کے موضوع پر ایک پروقار سیمینار اور بلوچ طلبہ کے ساتھ مکالماتی نشست کا انعقاد کیا گیا، جس میں قومی یکجہتی کے فروغ پر زور دیا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے کہا کہ سماجی ہم آہنگی، قومی اتحاد اور عوامی روابط ہی کسی بھی ملک کی سلامتی کی اصل بنیاد ہوتے ہیں۔ انہوں نے سیمینار میں بلوچ طلبہ کی بھرپور شرکت کو قومی اتحاد اور ملی یگانگت کا بہترین اظہار قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے مرکز میں واقع ڈیرہ غازی خان صوبائی ہم آہنگی کا ایک اہم سنگم ہے جہاں تمام طبقات کے درمیان بھائی چارے کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔

کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے مزید کہا کہ حکومتِ پنجاب نے ہمیشہ بلوچستان کے طلبہ کے لیے بہترین تعلیمی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا ہے تاکہ وہ ملک کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر سکیں۔ اس موقع پر آر پی او محمد اظہر اکرم نے اپنے خطاب میں کہا کہ بلوچستان محبت اور بھائی چارے کی علامت ہے، جبکہ وائس چانسلر چوہدری اشفاق احمد چٹھہ کا کہنا تھا کہ غازی یونیورسٹی قومی یکجہتی کے فروغ میں اپنا عملی کردار ادا کر رہی ہے اور یہاں بلوچستان کے طلبہ کو مفت تعلیم اور برابری کے مواقع فراہم کرنے کا عزم برقرار رکھا جائے گا۔

سیمینار کے دوران بلوچ ثقافت کے رنگ بھی نمایاں رہے جہاں طلبہ نے روایتی نغمے اور جھومر پیش کر کے تقریب کو چار چاند لگا دیے۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ اس طرح کی سرگرمیاں صوبوں کے درمیان دوریوں کو ختم کرنے اور باہمی اعتماد کو مستحکم کرنے میں معاون ثابت ہوتی ہیں۔ یہ تقریب مجموعی طور پر قومی یکجہتی اور بین الصوبائی ہم آہنگی کی ایک خوبصورت مثال بن کر ابھری، جس میں تمام مکاتبِ فکر نے پاکستان کی استحکام کے لیے مل کر کام کرنے کے عہد کی تجدید کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے