گلگت بلتستان(ویب ڈیسک) چیف الیکشن کمشنر راجہ شہباز خان نے گلگت بلتستان کے بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ 14 فروری 2026 بروز ہفتہ ہوگی، پبلک نوٹس 19 دسمبر 2025 کو جاری کیا جائے گا، جبکہ کاغذاتِ نامزدگی 22 تا 26 دسمبر 2025 تک جمع کرائے جا سکیں گے۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات وقت کی اہم ضرورت ہیں اور گزشتہ 20 سال سے انتخابات نہیں ہوئے۔ یہ انتخابات عوامی مسائل کے حل کے ساتھ جمہوری اداروں کو مضبوط بنانے اور علاقے کی ترقی میں سنگ میل ثابت ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انتخابات سے عوام نچلی سطح پر فیصلہ سازی اور مقامی ترقی میں براہِ راست حصہ لیں گے، اور یہ مکمل طور پر صاف، شفاف، منصفانہ اور قانون کے مطابق منعقد کیے جائیں گے۔