لاہور: (کیو این این ورلڈ)لاہور کی سول لائنز پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے خواتین کی بالیاں نوچنے اور چوری کی وارداتوں میں ملوث دو رکنی ‘جھپٹا مار’ گینگ کو گرفتار کر لیا ہے۔ انچارج بی بی پاک دامن سید تحسین گیلانی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے ملزمان کا تعاقب کیا اور انہیں شیرا کوٹ کے علاقے سے ٹریس کر کے حراست میں لیا۔ گرفتار خواتین کی شناخت شبانہ اور ممتاز کے نام سے ہوئی ہے، جنہیں فوٹیجز میں خواتین کے کانوں سے بالیاں نوچتے ہوئے واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے نوچی گئی طلائی بالیاں اور دربار سے چوری شدہ موبائل فونز سمیت تقریباً 2 لاکھ روپے مالیت کا مالِ مسروقہ برآمد کر لیا ہے۔
تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی ہے کہ گرفتار خواتین عادی مجرمہ ہیں اور چوری کے متعدد مقدمات میں ان کا سابقہ ریکارڈ بھی موجود ہے۔ پولیس نے دونوں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے باقاعدہ تفتیش کا آغاز کر دیا ہے تاکہ ان کے دیگر ساتھیوں اور ٹھکانوں کا سراغ لگایا جا سکے۔ اس موقع پر ایس پی سول لائنز چوہدری اثر علی کا کہنا تھا کہ شہریوں بالخصوص خواتین کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور اس طرح کے سماج دشمن عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا تاکہ عوام خود کو محفوظ محسوس کر سکیں۔