ٹھٹھہ (ڈسٹرکٹ رپورٹر بلاول سموں) بن قاسم پولیس نے اسٹیل مل کی تاریخ میں چوری کے خلاف سب سے بڑی کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں روپے مالیت کی قیمتی مشینری اور دھاتیں چوری کرنے والے ایک منظم گروہ کو گرفتار کر لیا ہے۔ خفیہ اطلاع پر کی جانے والی اس چھاپہ مار کارروائی کے دوران پولیس نے اسٹیل ملز کے اندرونی سہولت کاروں سمیت گروہ کے 6 ارکان کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا، جو 22 ویلر ٹرک کے ذریعے چوری شدہ سامان منتقل کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ پولیس نے موقع پر ہی ٹرک کو تحویل میں لے کر اس میں لدا ہوا 36 ہزار کلو (36 ٹن) سے زائد وزنی پلانٹ کا لوہا اور مشینری برآمد کر لی ہے، جس کی عالمی مارکیٹ میں مالیت کروڑوں روپے بتائی جاتی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت ندیم حسین، نصار، عبدالوحید، لیاقت خان، زاہد خان اور خالد شام کے نام سے ہوئی ہے، جن میں سے ندیم حسین اس پورے گروہ کا مرکزی کردار اور ڈیلر ہے جو چوری شدہ سامان کی فروخت اور دیگر معاملات کا ذمہ دار تھا۔ تفتیش کے دوران یہ انکشاف بھی ہوا ہے کہ گرفتار ملزمان میں اسٹیل ملز کے اپنے ملازمین بھی شامل ہیں جو اندرونی سہولت کاری کے ذریعے پلانٹ کی قیمتی دھاتیں اور مشینری باہر نکالنے میں گروہ کی مدد کر رہے تھے۔ ملزمان یہ سامان مختلف خفیہ گوداموں میں فروخت کرنے کا ارادہ رکھتے تھے، تاہم پولیس نے بروقت کارروائی کر کے اس کوشش کو ناکام بنا دیا۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف ضابطے کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا ہے تاکہ اس نیٹ ورک میں شامل دیگر سہولت کاروں کو بھی قانون کی گرفت میں لایا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے