کوئٹہ (کیو این این ورلڈ) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ بلوچستان بدقسمتی سے طویل عرصے سے دہشت گردی کا شکار ہے اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اس ناسور کے خاتمے کے لیے فرنٹ لائن پر پاک فوج کی قیادت کر رہے ہیں۔ کوئٹہ کے دورے کے موقع پر صوبائی وزراء، اراکینِ قومی و صوبائی اسمبلی اور اتحادی و اپوزیشن جماعتوں کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے واضح کیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ آج بھی جاری ہے اور جب تک اس کا مکمل خاتمہ نہیں ہو جاتا، حکومت اور سکیورٹی ادارے چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ انہوں نے سکیورٹی فورسز کے جوانوں اور عوام کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی محنت سے ہی ملک کا امن قائم ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سیاسی رہنماؤں کو بتایا کہ خوارج کو ہمسایہ ممالک کی جانب سے بھرپور سپورٹ فراہم کی جا رہی ہے، تاہم پاکستان اپنی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ انہوں نے یاد دلایا کہ معرکہ حق میں بھارت کو ایسا سبق سکھایا گیا جو وہ ہمیشہ یاد رکھے گا۔ صوبائی امور پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے سرفراز بگٹی کو چیف آف بگٹی قبائل منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور کہا کہ تمام تر چیلنجز کے باوجود بلوچستان کی کابینہ عوامی خدمت میں مصروف ہے۔ انہوں نے وسائل کی تقسیم کے حوالے سے بتایا کہ پنجاب اپنے حصے کے 11 ارب روپے سالانہ بلوچستان کو فراہم کر رہا ہے، جو کہ وفاقی اکائیوں کے درمیان بھائی چارے کی بہترین مثال ہے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ نواز شریف کے دور میں بلوچستان میں سڑکوں کے جال بچھائے گئے اور اب کراچی سے چمن تک 4 رویہ روڈ کا بڑا منصوبہ شروع کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی ترقی کوئی احسان نہیں بلکہ وفاق کا فرض ہے، اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے ثمرات براہِ راست عوام تک پہنچائے جا رہے ہیں۔ وزیراعظم نے تمام سیاسی اسٹیک ہولڈرز پر زور دیا کہ درپیش چیلنجز کا حل سر جوڑ کر اور باہمی مشاورت سے تلاش کرنا ہوگا تاکہ صوبے میں خوشحالی اور امن و امان کے مستقل قیام کو یقینی بنایا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے