کراچی (کیو این این ورلڈ) پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان براہ راست فضائی رابطے کی بحالی میں تاریخی پیشرفت ہوئی ہے جس کے تحت بنگلادیش کی سرکاری ایئرلائن "بیمان ایئر” نے کراچی کے لیے اپنی پروازوں کا باقاعدہ شیڈول جاری کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق 13 سال کے طویل وقفے کے بعد بنگلادیشی ایئرلائن کی پہلی پرواز 29 جنوری کو ڈھاکا سے کراچی پہنچے گی، جبکہ ابتدائی طور پر دونوں ملکوں کے درمیان ہفتہ وار دو پروازیں چلائی جائیں گی۔ واضح رہے کہ بنگلادیش سے پاکستان کے لیے آخری براہ راست پرواز سال 2012 میں آپریٹ کی گئی تھی جس کے بعد سے یہ سلسلہ منقطع تھا۔

بیمان ایئرلائن نے ڈھاکا سے کراچی کی پروازوں کے لیے نشستوں کی بکنگ کا آغاز کر دیا ہے اور ٹریول ایجنٹس کے مطابق بکنگ کھلتے ہی ابتدائی پروازوں کی تمام نشستیں محض چند گھنٹوں میں ہی فروخت ہو گئیں۔ ٹریول ایجنٹس کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان فضائی رابطے کی بحالی پر دونوں ممالک کے عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اور مسافر اس فیصلے پر انتہائی پرجوش ہیں۔ یاد رہے کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے وفاقی حکومت کی ہدایات کی روشنی میں چند روز قبل ہی بیمان ایئرلائن کو کراچی کے لیے براہ راست آپریشنز کی اجازت دی تھی، جبکہ پی آئی اے اور بیمان ایئر کے درمیان کارگو کی نقل و حمل کے لیے گزشتہ ماہ ایک اہم معاہدہ پہلے ہی طے پا چکا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے