قصور (طارق نوید سندھو سے) حبیب آباد ٹول پلازہ کے قریب نیازی ایکسپریس کی ایک بس میں آگ بھڑک اٹھی۔ خوش قسمتی سے اس حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
فائر بریگیڈ اور ریسکیو 1122 کا عملہ فوری طور پر موقع پر پہنچ گیا اور آگ بجھانے کے لیے کام شروع کر دیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق آگ بس کے ٹائر کے زیادہ گرم ہونے (ہیٹ ہونے) کی وجہ سے بھڑکی، جس کے نتیجے میں لاکھوں روپے مالیت کی بس مکمل طور پر جل کر خاکستر ہوگئی تاہم خوش قسمتی سے تمام مسافر محفوظ رہے۔
یہ افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب بس حبیب آباد ٹول پلازہ کے قریب سے گزر رہی تھی کہ اچانک گاڑی سے شعلے بلند ہونے لگے، دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے پوری بس کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 اور فائر بریگیڈ کا عملہ فوری طور پر موقع پر پہنچ گیا اور آگ بجھانے کے عمل کا آغاز کیا،
عینی شاہدین اور ابتدائی معلومات کے مطابق خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ گاڑی کے ٹائر ہیٹ اپ ہونے کی وجہ سے رگڑ لگی جس نے چنگاری کی صورت اختیار کی اور آگ پوری گاڑی میں پھیل گئی، تاہم انتظامیہ اور متعلقہ حکام کی جانب سے ابھی تک آگ لگنے کی کوئی حتمی یا مصدقہ وجہ بیان نہیں کی گئی ہے۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ بروقت کارروائی کے باعث تمام مسافروں کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے اور کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا، البتہ آگ اتنی شدید تھی کہ اس پر قابو پانے میں فائر فائٹرز کو سخت تگ و دو کرنا پڑی اور اس دوران ٹریفک کی روانی بھی متاثر رہی،
پولیس نے واقعے کی رپورٹ درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ حادثے کے اصل محرکات سامنے لائے جا سکیں۔