راولپنڈی (کیو این این ورلڈ) چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے بنگلہ دیش کی فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل حسن محمود خان نے اہم ملاقات کی ہے، جس میں دوطرفہ دفاعی تعلقات، پیشہ ورانہ عسکری تعاون اور علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جی ایچ کیو میں ہونے والی اس ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے اور تربیتی تبادلوں کے فروغ پر خصوصی زور دیا گیا۔ فریقین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے مابین برادرانہ تعلقات کو دفاعی شعبے میں شراکت داری کے ذریعے مزید مستحکم کیا جائے گا تاکہ خطے میں پائیدار امن کو یقینی بنایا جا سکے۔
ملاقات کے دوران بنگلہ دیشی ایئر چیف حسن محمود خان نے پاک فوج کی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ سمیت خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے کلیدی کردار کی تعریف کی۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بنگلہ دیش کے ساتھ دیرپا اور مضبوط دفاعی تعلقات کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان عسکری تعاون علاقائی سلامتی کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اس ملاقات سے دونوں دوست ممالک کی فضائی اور زمینی افواج کے درمیان باہمی اعتماد اور تعاون کی نئی راہیں ہموار ہوں گی، جو مستقبل میں مشترکہ تربیتی پروگراموں اور دفاعی پیداوار کے شعبوں میں معاون ثابت ہوں گی۔