کراچی (کیو این این ورلڈ) کراچی بندرگاہ کے ایسٹ وارف پر ملک کے پہلے جدید فیری ٹرمینل کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا ہے، جس کے بعد ایرانی بندرگاہ چاہ بہار کے لیے پہلی فیری سروس کا آغاز رواں ماہ 20 جنوری سے ہوگا۔ ٹرمینل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے میری ٹائم افیئرز جنید انوار چوہدری نے کہا کہ یہ فیری ٹرمینل اور سروس پاکستان کے میری ٹائم سیکٹر کے لیے ایک بہت بڑا موقع ہے اور یہ ٹرمینل کسی بھی طرح ایئرپورٹ پر دستیاب بین الاقوامی سہولیات سے کم نہیں ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہاں مسافروں کے لیے امیگریشن، کسٹم اور روانگی کے تمام مراحل ایک ہی چھت تلے طے ہوں گے۔ وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ چین کے چار آپریٹرز نے بھی اس سروس میں دلچسپی ظاہر کی ہے، جبکہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کے وژن کے مطابق بلیو اکانومی کو مضبوط بنانا ہماری اولین ترجیح ہے۔
اس موقع پر فیری آپریٹر نے سروس کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ کراچی سے چاہ بہار تک کا یکطرفہ کرایہ 50 ہزار روپے مقرر کیا گیا ہے۔ یہ بحری سفر شام پانچ بجے شروع ہوگا اور تقریباً 16 گھنٹے کی مسافت کے بعد اگلی صبح منزل پر پہنچے گا، جبکہ ابتدائی طور پر فیری ہفتے میں دو مرتبہ چاہ بہار کے لیے روانہ ہوا کرے گی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان کے طویل ساحل پر سمندری تفریح اور سفر کے مواقع اب تک محدود تھے، تاہم اس فیری سروس کے آغاز سے نہ صرف زائرین اور مسافروں کو سہولت ملے گی بلکہ یہ سمندری سیاحت کے شعبے میں ان گنت نئے مواقع پیدا کرنے کا سبب بھی بنے گی۔