اسلام آباد (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف و انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کے یومِ پیدائش کے موقع پر انہیں شاندار خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قائد کے رہنما اصول اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط آج بھی ہماری قومی زندگی کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ اپنے خصوصی پیغام میں وفاقی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ انصاف، رواداری اور تمام شہریوں کے لیے مساوی حقوق کے فروغ کے لیے قائداعظمؒ کی غیر متزلزل جدوجہد نے ایک ایسے پاکستان کی بنیاد رکھی جہاں ہر فرد کو عزت، تحفظ اور ترقی کے یکساں مواقع حاصل ہوں۔ انہوں نے کہا کہ قائد کا وژن ایک ایسی ریاست کا قیام تھا جہاں قانون کی حکمرانی اور انسانی حقوق کا احترام مقدم ہو، اور آج ہمیں اسی وژن کی روشنی میں ملک کو آگے لے کر بڑھنا ہے۔
سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے اس موقع پر مسیحی برادری کو کرسمس کی دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ کرسمس امن، محبت، ہمدردی اور خیرسگالی کا عالمگیر پیغام دیتا ہے، جو پاکستان کے قیام کے بنیادی اصولوں اور ہماری شمولیتی قومی اقدار سے مکمل ہم آہنگ ہے۔ انہوں نے مسیحی برادری کی ملکی ترقی کے لیے خدمات کو سراہتے ہوئے دعا کی کہ یہ دن قومی یکجہتی کو مزید مستحکم کرنے اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے کا ذریعہ بنے۔ وفاقی وزیر قانون نے اپنے عزم کی تجدید کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ایک پرامن، باوقار اور خوشحال پاکستان کی تعمیر کے لیے مشترکہ کاوشیں جاری رکھنی چاہئیں تاکہ قائد کے خوابوں کو حقیقی تعبیر دی جا سکے۔