کراچی (کیو این این ورلڈ) ملک بھر میں پٹرولیم مصنوعات کی ممکنہ قلت کے خدشات پیدا ہو گئے ہیں، جس پر آل پاکستان پٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے وزیراعظم شہباز شریف کو ایک ہنگامی خط ارسال کر دیا ہے۔

خط میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے غیر اعلانیہ طور پر کوٹہ سسٹم نافذ کر رکھا ہے، جس کی وجہ سے پٹرول پمپس کو ان کی طلب کے مطابق تیل فراہم نہیں کیا جا رہا۔

ایسوسی ایشن کے مطابق آرڈرز دینے کے باوجود سپلائی میں غیر معمولی تاخیر ہو رہی ہے اور تیل بردار ٹینکرز گھنٹوں انتظار کرنے پر مجبور ہیں، اس صورتحال سے مارکیٹ میں مصنوعی قلت پیدا ہونے اور عوام میں بے چینی پھیلنے کا شدید خطرہ ہے۔

پٹرول پمپ مالکان نے حکومت سے فوری مداخلت کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئل کمپنیوں کو کسی بھی قسم کی پابندی سے قبل مشاورت کا پابند بنایا جائے اور پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی کو فوری بہتر کیا جائے۔

ایسوسی ایشن نے خبردار کیا ہے کہ اگر سپلائی چین کو فوری طور پر درست نہ کیا گیا تو آنے والے دنوں میں عوامی پریشانی میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے