بھارتی اداکارہ سری لیلا کی نازیبا اور جعلی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد انہوں نے پولیس میں باضابطہ شکایت درج کرا دی ہے۔ اداکارہ کا کہنا ہے کہ یہ تصاویر آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) کے غلط استعمال سے تیار کی گئیں، جنہوں نے انہیں شدید ذہنی اذیت اور صدمے سے دوچار کیا۔

سری لیلا نے سوشل میڈیا پر ایک جذباتی نوٹ شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ حال ہی میں انہیں اس سنگین معاملے کا علم ہوا، جس پر انہوں نے فوری طور پر قانون نافذ کرنے والے اداروں سے رجوع کیا۔ انہوں نے عوام اور سوشل میڈیا صارفین سے اپیل کی کہ اے آئی کے غلط استعمال کو فروغ نہ دیں۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ ٹیکنالوجی میں ترقی کا مقصد انسانی زندگی کو بہتر بنانا ہے، نہ کہ اسے تکلیف اور پیچیدگی میں مبتلا کرنا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ٹیکنالوجی کے مثبت استعمال اور اس کے غلط استعمال میں واضح فرق ہونا چاہیے۔

خواتین کے احترام پر بات کرتے ہوئے سری لیلا نے کہا کہ ہر عورت قابلِ احترام ہے، چاہے وہ کسی بھی شعبے سے وابستہ ہو۔ جعلی یا مسخ شدہ تصاویر کے ذریعے کسی کو بدنام کرنا ناقابلِ قبول عمل ہے۔

انہوں نے اپنے مصروف شیڈول کے باعث آن لائن سرگرمیوں سے لاعلم رہنے کا بھی ذکر کیا اور اس معاملے کی نشاندہی کرنے پر اپنے خیر خواہوں کا شکریہ ادا کیا۔ سری لیلا کے مطابق یہ صورتحال ان کے لیے نہایت دل شکن ہے، تاہم اب معاملہ متعلقہ حکام کے زیرِ غور ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے