اسلام آباد (کیو این این ورلڈ) نئے سال کے آغاز پر آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے تحت فی کلو قیمت میں 10 روپے 68 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ اس اضافے کے بعد ایل پی جی کی نئی قیمت 219 روپے 67 پیسے فی کلو مقرر کر دی گئی ہے، جبکہ دسمبر میں یہ قیمت 209 روپے فی کلو تھی۔
اوگرا کے مطابق قیمتوں میں حالیہ ردوبدل کے بعد گھریلو سلنڈر کی قیمت میں مجموعی طور پر 126 روپے 9 پیسے کا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد جنوری کے لیے گھریلو سلنڈر کی نئی قیمت 2592 روپے 19 پیسے ہو گئی ہے جو گزشتہ ماہ 2466 روپے 10 پیسے تھی۔ نئی قیمتوں کا اطلاق فوری طور پر کر دیا گیا ہے، جس سے موسمِ سرما کی شدت کے دوران غریب اور متوسط طبقے کی مشکلات میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔