گوجرانوالہ (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف محمدرمضان نوشاہی کی رپورٹ)گوجرانوالہ میں کرپشن کے مقدمے میں ملوث سابق چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن حیدر چٹھہ کو عدالت نے ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے دیا۔
اینٹی کرپشن عدالت گوجرانوالہ میں کیس کی سماعت کے دوران ملزم کے خلاف حافظ آباد میں تعیناتی کے دوران مبینہ کرپشن کے الزامات زیر غور آئے۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد حیدر چٹھہ کی ضمانت منظور کرتے ہوئے رہائی کا حکم جاری کیا۔
اینٹی کرپشن حکام کے مطابق ملزم کے خلاف 28 جنوری کو مقدمہ درج کیا گیا تھا جس کے بعد اسے گرفتار کیا گیا۔ ایف آئی آر میں الزام عائد کیا گیا کہ حیدر چٹھہ نے ڈپٹی کمشنر کے جعلی دستخط کرکے سرکاری فنڈز جاری کروائے۔
مزید الزامات کے مطابق گلیوں اور نالیوں کی تعمیر، کوڑا کرکٹ اٹھانے اور گاڑیوں کی مرمت کے نام پر بوگس بل بنا کر سرکاری خزانے کو نقصان پہنچایا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ حیدر چٹھہ کے خلاف گوجرانوالہ میونسپل کارپوریشن میں مزید انکوائریاں بھی جاری ہیں۔ اگر مزید کوئی مقدمہ درج نہ ہوا تو ملزم ضمانت پر رہا رہے گا۔