احمدپور شرقیہ (کیو این این ورلڈ) گورنمنٹ صادق عباس گریجویٹ کالج ڈیرہ نواب صاحب احمدپور شرقیہ میں پرنسپل پروفیسر شاہد حسین مغل کی زیر صدارت "منشیات سے پاک معاشرہ” کے عنوان سے ایک شاندار آگاہی تقریب منعقد کی گئی۔تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول ﷺ سے ہوا۔

مہمان خصوصی لیفٹیننٹ کرنل (ریٹائرڈ) احمر نثار ستی (تمغہ امتیاز ملٹری)، ڈائریکٹر پنجاب کاونٹر نارکوٹکس فورس بہاولپور ڈویژن تھے۔اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ نشہ آور اشیا حرام ہیں اور منشیات کا استعمال خاندان، معاشرے اور قوم کی ترقی میں شدید رکاوٹ ہے۔ نوجوان نسل کو ہر قسم کے نشے سے مکمل اجتناب کرنا چاہیے، کیونکہ اعلیٰ تعلیم اور تربیت ہی کامیابی کی کنجی ہے۔انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب کی سربراہی میں پنجاب کاونٹر نارکوٹکس فورس پورے صوبے، بالخصوص بہاولپور ڈویژن میں منشیات کی روک تھام کے لیے ایماندارانہ اور عملی اقدامات کر رہی ہے۔ فورس اس موذی مرض کو جڑ سے ختم کرنے کی پوری کوشش میں مصروف ہے۔

پروجیکٹر کی مدد سے منشیات کی اقسام، ان کی ساخت، پیداوار، استعمال کے طریقے، شدید نقصانات اور روک تھام کے مؤثر ذرائع کی وضاحت کی گئی۔ طلبہ و طالبات کے ساتھ سوالات و جوابات کا انٹرایکٹو سیشن بھی منعقد ہوا، جس میں طلبہ کا جوش و جذبہ قابلِ تحسین تھا۔
اسٹیج سیکرٹری پروفیسر ڈاکٹر محمد الطاف ڈاھر جلالوی نے نعرے لگوائے: "پاکستان زندہ باد”، "منشیات کے خلاف فوری جنگ”، "پنجاب کاونٹر نارکوٹکس فورس کے ساتھ” اور "ڈرگ فری پنجاب”۔

تقریب کے اختتام پر پرنسپل پروفیسر شاہد حسین مغل نے مہمان خصوصی اور دیگر معززین کو سرائیکی اجرک پہنائی۔

اس موقع پر انسپکٹر افتخار احمد سمیت کاونٹر نارکوٹکس فورس کی ٹیم، اساتذہ کرام (پروفیسر شاہد سراج، پروفیسر ظفر اقبال، پروفیسر شہزاد خان، پروفیسر محمد کاشف، پروفیسر محمد رضوان، پروفیسر محمد فیصل اور دیگر لیکچررز)، سی ٹی آئیز، کلاس فور ملازمین، طلبہ و طالبات کی کثیر تعداد اور صحافی حضرات (اعجاز مغل، ابوطالب حسین) موجود تھے۔

تقریب کا اختتام قومی ترانے کی خوبصورت گونج کے ساتھ ہوا۔ یہ مہم نوجوانوں کو منشیات کے خلاف شعور اجاگر کرنے اور ایک صحت مند معاشرے کی تعمیر میں اہم کردار ادا کرے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے