قصور (کیو این این ورلڈ /بیوروچیف طارق نوید سندھو) تھانہ سٹی پھول نگر کی حدود میں سی سی ڈی کے ساتھ مبینہ مقابلے کے دوران منشیات فروش اور اشتہاری ملزم ہلاک ہو گیا ہے۔ سی سی ڈی حکام کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزم کی شناخت رمضان عرف مانی کے نام سے ہوئی ہے، جس نے دو ماہ قبل کوٹ رادھا کشن میں تعینات پولیس اہلکار پر فائرنگ کر کے اسے شدید زخمی کر دیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نہ صرف منشیات فروشی کے گھناؤنے دھندے میں ملوث تھا بلکہ وہ پولیس پر حملوں سمیت سنگین جرائم کے 5 مقدمات میں بھی مطلوب اور اشتہاری تھا۔
حکام نے مزید بتایا کہ ہلاک ہونے والا ملزم علاقے میں خوف کی علامت بنا ہوا تھا اور پولیس پر حملوں میں ملوث ہونے کی وجہ سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اس کی سرگرمیوں پر گہری نظر تھی۔ مبینہ مقابلے کے بعد پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور ضابطے کی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ ملزم کی ہلاکت کے بعد اس کے مجرمانہ نیٹ ورک کے دیگر سہولت کاروں کی تلاش بھی شروع کر دی گئی ہے۔