گوجرانوالہ (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف محمد رمضان نوشاہی)پنجاب ہائی وے پٹرول گوجرانوالہ ریجن نے حکومتِ پنجاب کے ویژن “سہولیات عوام کی دہلیز پر” کے تحت عوامی سہولت میں اہم اضافہ کرتے ہوئے ریجن بھر کی مزید 17 پٹرولنگ پوسٹوں پر موٹر سائیکل ڈرائیونگ لائسنس سنٹرز قائم کر دیے ہیں، جہاں باقاعدہ افتتاحی تقریبات کے بعد لائسنسوں کے اجراء کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔

اسی سلسلے میں ایس پی پنجاب ہائی وے پٹرول گوجرانوالہ ریجن وسیم اختر نے پٹرولنگ پولیس پوسٹ فتح پور، ضلع گجرات میں موٹر سائیکل ڈرائیونگ لائسنس سنٹر کا افتتاح کیا۔ افتتاحی موقع پر ڈی ایس پی پٹرولنگ ڈسٹرکٹ گجرات اطہر علی اور دیگر پٹرولنگ پولیس افسران نے ایس پی پٹرولنگ کا استقبال کیا، جبکہ پٹرولنگ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایس پی پٹرولنگ وسیم اختر نے کہا کہ پنجاب ہائی وے پٹرول پولیس نہ صرف شاہراہوں پر جرائم کی روک تھام اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے سرگرم عمل ہے بلکہ حکومت پنجاب کے ویژن کے مطابق عوام کو سہولیات فراہم کرنے میں بھی اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب شہریوں کو موٹر سائیکل ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے لیے طویل فاصلوں کا سفر نہیں کرنا پڑے گا بلکہ وہ اپنے قریبی پٹرولنگ پولیس پوسٹ سے یہ سہولت حاصل کر سکیں گے۔

وسیم اختر نے مزید بتایا کہ ریجن بھر میں مزید 17 پٹرولنگ پوسٹوں پر موٹر سائیکل ڈرائیونگ لائسنس سنٹرز قائم کیے گئے ہیں، جہاں آج سے باقاعدہ طور پر لائسنسوں کا اجرا شروع کر دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے عوام کو سہولت، وقت کی بچت اور شفاف نظام میسر آئے گا، جبکہ ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کا عمل بھی آسان اور قابلِ رسائی ہو جائے گا۔

انہوں نے واضح کیا کہ پنجاب ہائی وے پٹرول پولیس عوامی خدمت کے اس مشن کو مزید وسعت دے گی اور آئندہ بھی حکومت پنجاب کے ویژن کے مطابق شہریوں کی سہولت کے لیے ایسے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے