گھوٹکی (کیو این این ورلڈ/ نامہ نگار مشتاق علی لغاری) محلہ ٹنڈوٹبائی میں ایک انتہائی افسوسناک اور المناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں نامعلوم شرپسندوں نے ایک غریب محنت کش کی نواسی کے جہیز کو آگ لگا کر خاکستر کر دیا۔ متاثرہ محنت کش عرفان عاربی کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ اور ان کے اہلخانہ نواسی کی مہندی کی تقریب میں شرکت کے لیے گھر سے باہر گئے ہوئے تھے، تاہم جب وہ واپس پہنچے تو گھر آگ کے شعلوں کی لپیٹ میں تھا اور شرپسندوں نے رخصتی سے محض ایک روز قبل تمام سامانِ جہیز جلا کر راکھ کر دیا تھا۔
متاثرہ شخص نے انکشاف کیا ہے کہ ظالموں نے نہ صرف جہیز کا قیمتی سامان جلایا بلکہ گھر میں رکھی نقدی بھی چرا کر لے گئے جس سے غریب خاندان پر مصیبت کا پہاڑ ٹوٹ پڑا ہے۔ عرفان عاربی نے اس ظلم کے خلاف متعلقہ تھانے کے ایس ایچ او کو رپورٹ درج کروا دی ہے اور اعلیٰ حکام سے انصاف کی فریاد کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ان شرپسندوں کو فی الفور گرفتار کیا جائے۔ اس تمام تر صورتحال اور مالی نقصان کے باوجود آج نواسی کی رخصتی طے ہے جس پر پورا خاندان شدید ذہنی کرب اور پریشانی کا شکار ہے۔