کراچی (کیو این این ورلڈ) شہر قائد میں کتے کے کاٹنے کے واقعات نے وبا کی شکل اختیار کر لی ہے اور رواں سال کے محض ابتدائی پانچ دنوں کے دوران 850 سے زائد افراد سگ گزیدگی کا شکار ہو چکے ہیں۔ طبی ذرائع کے مطابق انڈس اسپتال کورنگی میں گزشتہ پانچ روز کے دوران 300 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جبکہ سول اور جناح اسپتال میں بھی کتے کے کاٹنے کے 300 سے زائد متاثرہ افراد لائے گئے۔ انچارج ڈاگ بائٹ کلینک ڈاکٹر آفتاب گوہر کا کہنا ہے کہ متاثرہ افراد کی اکثریت کا تعلق کورنگی، حب چوکی، بلدیہ، لانڈھی اور گڈاپ سے ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان علاقوں میں آوارہ کتوں کی بہتات شہریوں کے لیے شدید خطرہ بن چکی ہے۔

صورتحال کی سنگینی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ انڈس اسپتال میں زیر علاج ایک 41 سالہ شخص کی انفیکشن اس حد تک پھیل گئی کہ ڈاکٹروں کو اس کی جان بچانے کے لیے متاثرہ انگلی کاٹنی پڑی۔ اس حوالے سے ڈاکٹر آفتاب گوہر نے سخت وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریبیز ایک انتہائی خطرناک بیماری ہے جس کی علامات ظاہر ہونے کے بعد یہ تقریباً ہمیشہ جان لیوا ثابت ہوتی ہے، اس لیے اس میں کسی قسم کی کوتاہی کی گنجائش نہیں ہے۔ طبی ماہرین نے شہریوں سے پرزور اپیل کی ہے کہ کتے کے کاٹنے کی صورت میں کسی بھی گھریلو ٹوٹکے پر وقت ضائع کرنے کے بجائے فوری طور پر قریبی اسپتال سے رجوع کریں اور بروقت ویکسینیشن مکمل کروائیں تاکہ قیمتی انسانی جانوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے