ڈی سی ننکانہ اور ڈی پی او کی زیر صدارت اہم اجلاس، بیساکھی میلے کے لیے فول پروف سکیورٹی کی ہدایت

ننکانہ صاحب ( کیو این این ورلڈ/ نامہ نگار احسان اللہ ایاز) ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤ، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ارسلان زاہد اور کرنل حیدر خان کی زیر صدارت ہوم ڈیپارٹمنٹ کی ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا ماہانہ اجلاس ڈی سی کمیٹی روم میں منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر کے انتظامی و سکیورٹی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز، پاک فوج اور پولیس کے افسران سمیت ایکسائز، ایف بی آر، کسٹم اور انفارمیشن جیسے تمام ضلعی اداروں کے سربراہان نے شرکت کی، جبکہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سفیان دلاور نے تمام محکموں کی کارکردگی پر بریفنگ دی۔

ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ نے خطاب کرتے ہوئے افسران کو ہدایات جاری کیں کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کا تعین کر کے عوامی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں۔ انہوں نے شہر کی خوبصورتی کے منصوبوں، صفائی ستھرائی، تجاوزات کے خاتمے اور پرائس چیکنگ کے عمل کو مزید تیز کرنے کا حکم دیا۔ ڈپٹی کمشنر نے دوٹوک موقف اختیار کیا کہ سمگل شدہ تیل اور اشیاء کی فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے اور گیس کی غیر قانونی ری فلنگ کرنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہ برتی جائے، جبکہ ضلع کے تمام دینی مدارس کی رجسٹریشن کا عمل جلد از جلد مکمل کیا جائے۔

اجلاس کے دوران ترقیاتی منصوبوں پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ تمام حکومتی منصوبے مقررہ وقت کے اندر مکمل کیے جائیں اور ان کی پائیداری و شفافیت کو اولین ترجیح دی جائے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ارسلان زاہد نے امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ضلعی پولیس جرائم پیشہ افراد کے خلاف بھرپور کارروائی کر رہی ہے اور ٹریفک پولیس کے موثر اقدامات کی بدولت روڈ حادثات میں واضح کمی واقع ہوئی ہے، پولیس ٹریفک قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے۔

کرنل حیدر خان نے افسران سے خطاب میں ماحولیاتی تحفظ، بھکاریوں کے خاتمے اور ٹریفک قوانین کی سختی سے پابندی کروانے پر زور دیا۔ انہوں نے خصوصی طور پر آنے والے بیساکھی میلے کے حوالے سے ہدایات دیں کہ تمام ادارے بہترین انتظامات کو یقینی بنائیں، کیونکہ غیر ملکی مہمان پاکستانی قوم کا اثاثہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیساکھی کے تہوار میں شرکت کرنے والے ملکی و غیر ملکی شہریوں کی حفاظت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور اس سلسلے میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے