لاہور: پنجاب کے تمام تعلیمی بورڈز میں امتحانی نظام کو جدید اور شفاف بنانے کے لیے ڈیجیٹل اصلاحات شروع کر دی گئی ہیں۔ اس سلسلے میں چیئرمین ٹاسک فورس کمیٹی برائے بورڈز مزمل محمود نے عملی اقدامات کا آغاز کیا ہے۔
13 دسمبر 2025 کو لاہور بورڈ میں خصوصی تربیتی اور بریفنگ سیشن منعقد ہوگا، جس میں بہاولپور، ڈی جی خان، فیصل آباد، گوجرانوالہ، ملتان، راولپنڈی، سرگودھا اور ساہیوال بورڈز کے نمائندگان شریک ہوں گے۔
اہم ڈیجیٹل اقدامات میں آن اسکرین مارکنگ (ای مارکنگ)، ڈیجیٹل اٹینڈنس مینجمنٹ سسٹم (DAMS)، سوالیہ آئٹم بینک (QIB)، اور ای شیٹس کی محفوظ پرنٹنگ شامل ہیں۔ ان اقدامات کے ذریعے نتائج کی درستگی، امتحانی مراکز میں حاضری کا مؤثر نظام، معیاری پرچہ سازی اور نقل و جعلسازی کا خاتمہ یقینی بنایا جائے گا۔
تمام بورڈز کے سسٹم اینالسٹس اور کمپیوٹر پروگرامرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقررہ تاریخ پر لاہور میں ہونے والے اس اہم بریفنگ سیشن میں لازمی شرکت کریں۔
ترجمان لاہور بورڈ طاہر جاوید کے مطابق یہ اقدام پنجاب کے امتحانی نظام میں ایک نئے اور شفاف ڈیجیٹل دور کا آغاز ثابت ہوگا، جس سے طلبہ اور والدین کا اعتماد مزید بڑھ جائے گا۔