گھوٹکی (نامہ نگار مشتاق علی لغاری)ڈی آئی جی سکھر رینج ناصر آفتاب نے رونتی کچہ اور ماچھکہ کچہ کے انتہائی حساس علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے جدید ڈرون ٹیکنالوجی سے کچہ کے دشوار گزار اور مشکوک علاقوں کا فضائی معائنہ کیا تاکہ جرائم پیشہ عناصر کی نقل و حرکت اور ٹھکانوں کی مؤثر نگرانی کی جا سکے۔
ڈی آئی جی ناصر آفتاب نے موقع پر موجود پولیس افسران کو ہدایت دی کہ کچہ علاقوں میں ڈاکوؤں اور جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف انٹیلیجنس بیسڈ کارروائیاں تیز کی جائیں اور جدید ٹیکنالوجی کا بھرپور استعمال یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کچہ میں امن و امان کی بحالی، اغواء، ڈاکہ زنی اور سنگین جرائم کا خاتمہ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔
ڈی آئی جی نے جوانوں کے حوصلے کی تعریف کی اور واضح کیا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے سکھر رینج پولیس ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی اور کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
