ڈیرہ اسماعیل خان (کیو این این ورلڈ) خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں امن کمیٹی کے سربراہ نور عالم محسود کے گھر خودکش دھماکے کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق جبکہ 7 افراد زخمی ہو گئے۔ دھماکا قریشی موڑ کے قریب شادی کی تقریب کے دوران پیش آیا جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
پولیس کے مطابق دھماکا اس وقت ہوا جب گھر میں شادی کی تقریب جاری تھی۔ ضلعی پولیس آفیسر کا کہنا ہے کہ خودکش حملہ آور نے موقع پر خود کو دھماکے سے اڑا لیا، جس کے نتیجے میں 3 افراد موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے جبکہ 7 افراد زخمی ہو گئے۔ دھماکے کے فوراً بعد فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں، جس کے بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے۔
ڈی ایس پی کے مطابق زخمیوں میں امن کمیٹی کے سربراہ نور عالم محسود بھی شامل ہیں، جنہیں دیگر زخمیوں کے ہمراہ فوری طور پر ڈی ایچ کیو ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا جہاں بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے جبکہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔
دوسری جانب وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے ڈیرہ اسماعیل خان میں ہونے والے خودکش دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔
وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے، دہشت گرد عناصر کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا اور ذمہ داروں کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت شہدا کے اہلِ خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے اور انہیں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔