ڈیرہ اسماعیل خان میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کامیاب آپریشن کرتے ہوئے 7 خوارج کو ہلاک کر دیا، جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک سپاہی شہید ہو گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ آپریشن ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا۔ کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں 7 خوارج مارے گئے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اس جھڑپ کے دوران وطن کے بہادر سپوت نائیک یاسر خان نے جامِ شہادت نوش کیا۔ ہلاک ہونے والے خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، جبکہ یہ دہشت گرد متعدد تخریبی کارروائیوں میں ملوث تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کسی بھی دوسرے بھارتی سرپرستی یافتہ خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ بیان میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا اور سکیورٹی فورسز و قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسدادِ دہشت گردی مہم پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے