ڈیرہ غازی خان گڈز ٹرانسپورٹ کا ہنگامی اجلاس، حکومت کو سخت وارننگ

ڈیرہ غازی خان (کیو این این ورلڈ) ڈیرہ غازی خان میں گڈز ٹرانسپورٹ مالکان اور ڈرائیورز کا ایک اہم اور ہنگامی اجلاس منعقد ہوا، جس میں پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور ٹول پلازہ ٹیکسز کے خلاف شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔ اجلاس میں شرکاء نے دو ٹوک الفاظ میں حکومت کو خبردار کیا کہ موجودہ معاشی حالات اور مہنگے تیل کی وجہ سے ٹرانسپورٹ کا کاروبار مکمل طور پر تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سینئر عہدیداران گلبہار خان کھوسہ، ملک خالد محمود، شیخ سلیم، طارق شاہین، شیر محمد مستوئی اور استاد بلی مستوئی نے کہا کہ تیل کی مسلسل بڑھتی قیمتوں نے ٹرانسپورٹرز کی کمر توڑ دی ہے، جبکہ ٹول پلازہ کی بھاری فیسوں نے رہی سہی کسر بھی پوری کر دی ہے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ اگر حکومت نے فوری طور پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی نہ کی تو بہت جلد ملک گیر پہیہ جام ہڑتال کی کال دی جائے گی، جس کی تمام تر ذمہ داری حکومت وقت پر عائد ہوگی۔

ٹرانسپورٹ رہنماؤں نے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف مہنگا تیل اور ٹول ٹیکسز کا بوجھ ہے تو دوسری طرف ٹریفک پولیس، سیکرٹری آر ٹی اے، کسٹم وارڈنز، ضلعی پولیس اور پٹرولنگ پولیس کی بلاجواز کارروائیاں ٹرانسپورٹرز کے لیے وبالِ جان بن چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان حالات میں باعزت طریقے سے روزگار چلانا ناممکن ہو چکا ہے اور ٹرانسپورٹ طبقہ مزید مالی بوجھ برداشت کرنے کی سکت نہیں رکھتا۔

اجلاس کے اختتام پر متفقہ طور پر مطالبہ کیا گیا کہ حکومت فوری طور پر ٹرانسپورٹرز کو ریلیف فراہم کرے اور ٹیکسوں کے نظام پر نظرثانی کرے۔ مقررین نے متنبہ کیا کہ تیل کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ نہ صرف ٹرانسپورٹ سیکٹر کو ڈبو دے گا بلکہ اس سے ملک میں مہنگائی کا ایک ایسا نیا طوفان جنم لے گا جس کا براہِ راست نقصان غریب عوام کو بھگتنا پڑے گا۔ حکومت کو چاہیے کہ احتجاج کی نوبت آنے سے قبل ہی عوامی مفاد میں فیصلے کرے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے