ڈیرہ غازی خان(کیواین این ورلڈ) واسا کی دو میگا سکیموں کی منظوری، زون ون اور زون ٹو کے تحت 10 ترقیاتی منصوبے، 12 ارب روپے سے زائد فنڈز جاری
تفصیلات کے مطابق ڈیرہ غازی خان کے شہریوں کے لیے سیوریج اور نکاسیٔ آب کے دیرینہ مسائل کے حل کی جانب ایک بڑی پیش رفت سامنے آ گئی ہے۔ واسا ڈیرہ غازی خان کی دو میگا ترقیاتی سکیموں کو حکومتِ پنجاب کی جانب سے منظوری دے دی گئی ہے، جو زون ون اور زون ٹو کے تحت کل 10 ترقیاتی سکیموں پر مشتمل ہیں۔ ان منصوبوں کے لیے 12 ارب روپے سے زائد کے فنڈز مختص کر کے جاری کر دیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق واسا ڈیرہ غازی خان نے اس سے قبل سیوریج، پانی کی فراہمی اور اسٹارم واٹر ڈرینج سسٹم کی بہتری کے لیے مجموعی طور پر 17 ارب روپے مالیت کے منصوبوں کی تجاویز حکومتِ پنجاب کو ارسال کی تھیں۔ ان تجاویز کی تفصیلی تکنیکی جانچ پڑتال، لاگت کے تخمینوں اور پی سی ون کی منظوری کے بعد ابتدائی مرحلے میں زون ون اور زون ٹو کے تحت 12 ارب روپے سے زائد مالیت کی دو میگا سکیموں کو حتمی منظوری دی گئی۔
یہ خبر بھی پڑھیں
ڈیرہ غازی خان: 17 ارب روپے کے فنڈز کے باوجود واسا سیوریج کے مسائل حل کرنے میں ناکام، شہری پریشان
منظور شدہ منصوبے پنجاب ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت ہیں، جن میں شہر کے مختلف علاقوں میں سیوریج لائنوں کی بہتری، اسٹارم واٹر ڈرینج سسٹم کی اپ گریڈیشن، اسٹریٹ پیومنٹس اور متعلقہ شہری انفراسٹرکچر کی بحالی شامل ہے۔ ان دو میگا سکیموں کے تحت مجموعی طور پر 10 ذیلی ترقیاتی منصوبوں پر مرحلہ وار عمل درآمد کیا جائے گا، جن کی ایڈمنسٹریٹو منظوری 17ویں پی ڈی ڈبلیو پی میٹنگ (11 اگست 2025) کے بعد 5 ستمبر 2025 کو جاری کی گئی۔
فنڈز کے اجرا کے بعد ان منصوبوں کے لیے ای ٹینڈرنگ کا عمل جلد مکمل کیا جائے گا، جس کے فوراً بعد ترقیاتی کاموں کا باقاعدہ آغاز کر دیا جائے گا۔ حکومتی ہدایات کے مطابق تمام منصوبے 24 ماہ کی مدت میں مکمل کیے جائیں گے، جبکہ فنڈز کی سالانہ دستیابی کو مدنظر رکھتے ہوئے مرحلہ وار پیش رفت کو یقینی بنایا جائے گا۔
منصوبوں کی تکمیل سے ڈیرہ غازی خان میں سیوریج اور بارش کے پانی کی نکاسی کے نظام میں نمایاں بہتری آئے گی، جس سے شہریوں کو برسوں سے درپیش مسائل کا مستقل حل ممکن ہو سکے گا۔ ماہرین کے مطابق یہ منصوبے شہر کی تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کے دباؤ کو کم کرنے اور شہری سہولیات کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔
