ڈیرہ غازی خان (کیو این این ورلڈ +سید ریاض جاذب) واٹر اینڈ سینیٹیشن اتھارٹی (واسا) ڈیرہ غازی خان کے منیجنگ ڈائریکٹر انجینئر ڈاکٹر جواد کلیم اللہ ایک انتہائی تجربہ کار اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے مالا مال سینیئر افسر ہیں جنہوں نے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ اور واسا ملتان میں طویل عرصے تک خدمات انجام دیتے ہوئے اپنی فنی مہارت اور انتظامی قابلیت کا لوہا منوایا۔ جولائی 2025 میں پنجاب حکومت کی جانب سے ڈیرہ غازی خان میں واسا کے قیام کے ساتھ ہی انہیں اس نئے ادارے کا پہلا منیجنگ ڈائریکٹر مقرر کیا گیا جو ان کی دیانت داری پر صوبائی حکومت کے مکمل اعتماد کا ثبوت ہے۔
ڈیرہ غازی خان جیسے تاریخی شہر میں صاف پانی کی فراہمی اور سیوریج کے سنگین مسائل طویل عرصے سے چیلنج بنے ہوئے تھے، تاہم انجینئر ڈاکٹر جواد کلیم اللہ نے چارج سنبھالتے ہی ان تمام مشکلات کا مقابلہ نہایت حوصلے اور منظم منصوبہ بندی سے کیا۔ ان کی متحرک قیادت میں سیوریج لائنوں کی صفائی اور بحالی کے کاموں میں تیزی لائی گئی ہے اور شہر کے مختلف بلاکس و گلیوں میں جمع ہونے والے گندے پانی کے مسائل پر فوری توجہ دی جا رہی ہے۔ فیلڈ میں ٹیموں کی مسلسل موجودگی کو یقینی بنا کر عوامی شکایات کا بروقت ازالہ کیا جا رہا ہے جبکہ نئی سیوریج لائنز اور واٹر سپلائی نظام کی بہتری کے لیے بھی عملی اقدامات جاری ہیں۔
ان کی مضبوط انتظامی گرفت اور ٹیم کے ساتھ بہترین کوآرڈینیشن کے باعث شہر اور نواحی علاقوں میں سیوریج کے مسائل میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے، جس پر شہریوں نے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ انجینئر ڈاکٹر جواد کلیم اللہ کی پیشہ ورانہ قابلیت اور عوامی خدمت کا جذبہ اس بات کی ضمانت ہے کہ واسا ڈیرہ غازی خان نہ صرف سینیٹیشن کے دیرینہ مسائل پر قابو پائے گا بلکہ جلد ہی صوبے کے بہترین کارکردگی دکھانے والے اداروں میں شامل ہو کر شہر کو صاف ستھرا بنانے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔