ڈیرہ غازی خان (نیوزرپورٹرشاہد خان): وڈور میں ڈکیتی کی کوشش ناکام، عوامی مزاحمت کے دوران ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار
تھانہ صدر ڈیرہ غازی خان کی حدود وڈور کے علاقے میں ڈکیتی کی ایک بڑی واردات مقامی آبادی کی جرات مندانہ مزاحمت کے باعث ناکام ہو گئی ہے، جس کے نتیجے میں ایک ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہو کر پولیس کی گرفت میں آ گیا۔ واقعے کے مطابق مسلح ڈاکوؤں نے لوٹ مار کی کوشش کی تو اہل علاقہ نے ہمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے انہیں گھیر لیا، جس پر ڈاکوؤں نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی، تاہم اس فائرنگ کی زد میں آ کر ان کا اپنا ہی ایک ساتھی شدید زخمی ہو گیا۔ ڈاکوؤں نے اپنے زخمی ساتھی کو چھڑوانے کی سرتوڑ کوشش کی لیکن عوام کے ڈٹ جانے اور پولیس کی بروقت پہنچنے کی وجہ سے وہ اسے چھوڑ کر فرار ہونے پر مجبور ہو گئے۔
پولیس نے زخمی ڈاکو کو حراست میں لے کر جائے وقوعہ سے دو موٹر سائیکلیں برآمد کر لی ہیں، جبکہ اطلاع ملتے ہی ڈی پی او ڈیرہ غازی خان صادق بلوچ نے خود موقع پر پہنچ کر صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ڈی پی او نے بہادری دکھانے پر اہل علاقہ کا شکریہ ادا کیا اور انہیں یقین دلایا کہ علاقے میں پولیس گشت کے نظام کو مزید سخت اور مؤثر بنایا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ فرار ہونے والے دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے اور جرائم پیشہ عناصر کو کسی صورت رعایت نہیں دی جائے گی، کیونکہ امن و امان کا قیام پولیس اور عوام کے باہمی تعاون سے ہی ممکن ہے۔