ڈیرہ غازی خان (نامہ نگار)ڈیرہ غازی خان میں تین روزہ انٹرنیشنل خواجہ غلام فرید کانفرنس 2025 کا باقاعدہ آغاز ہو گیا۔ کانفرنس کا انعقاد محکمہ اطلاعات و ثقافت پنجاب اور پنجاب کونسل آف دی آرٹس کے اشتراک سے کیا گیا، جس میں غازی یونیورسٹی نے علمی و ادبی سرگرمیوں میں بھرپور شرکت کی۔

کانفرنس کا افتتاح کمشنر ڈیرہ غازی خان اشفاق احمد چوہدری نے کیا۔ اس موقع پر ملک بھر سے نامور دانشوروں، ادیبوں، شاعروں، ماہرینِ فریدیات اور سرائیکی دانشوروں نے شرکت کی۔ کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواجہ غلام فریدؒ کا کلام امن، اخوت، محبت اور رواداری کا درس دیتا ہے، جبکہ صوفیائے کرام کی تعلیمات سے معاشرے میں برداشت اور بھائی چارے کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔

کانفرنس سے مجاہد جتوئی، پروفیسر ڈاکٹر مزمل حسین، پروفیسر ارشد لغاری، پروفیسر ممتاز خان اور معروف شاعر عزیز شاہد نے خطاب کیا۔ اس کے علاوہ پروفیسر حمید الفت ملغانی، پروفیسر ضیاء اللہ اور ڈائریکٹر آرٹس کونسل رانا مقبول احمد نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ مقررین نے نئی نسل کو صوفیانہ ورثے، ثقافت اور فکری اقدار سے جوڑنے کی ضرورت پر زور دیا۔

تقریب کے دوران خواجہ غلام فریدؒ کی شاعری پر مبنی کیلیگرافی نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا، جس میں مشہور خطاط اختر تحسین کے تیار کردہ فن پارے پیش کیے گئے۔ کمشنر ڈی جی خان نے نمائش اور روہی ماڈل کا دورہ کیا اور فنِ خطاطی کے ذریعے خواجہ غلام فریدؒ کے کلام کو اجاگر کرنے کے اقدام کو سراہا۔ روہی ماڈل میں حلقہ اربابِ ذوق کی ادبی خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

کانفرنس میں یونیورسٹیوں اور کالجوں کے طلباء و اساتذہ، دانشوروں، سول سوسائٹی کے نمائندوں، میڈیا اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔




