ڈیرہ غازی خان (کیو این این ورلڈ/سٹی رپورٹر) شہر میں وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن "ستھرا پنجاب” کے مطابق صفائی و ستھرائی کے نظام کو مزید بہتر اور مؤثر بنانے کے لیے ڈائیوو ویسٹ مینجمنٹ کے کوآرڈینیٹر عبداللہ عباسی اور تحصیل منیجر رانا عثمان نے اپنے سپروائزرز کے ہمراہ مختلف علاقوں کا خصوصی دورہ کیا۔ دورے کے دوران صفائی کی مجموعی صورتحال، کوڑا کرکٹ کی بروقت منتقلی، فیلڈ اسٹاف کی کارکردگی اور مشینری کے استعمال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ افسران نے موقع پر موجود عملے کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو صاف اور صحت مند ماحول فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
کوآرڈینیٹر عبداللہ عباسی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن پر عملدرآمد کے لیے ڈائیوو ویسٹ مینجمنٹ کی ٹیم دن رات مصروفِ عمل ہے اور فرائض کی انجام دہی میں کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ تحصیل منیجر رانا عثمان نے فیلڈ اسٹاف کو ہدایت کی کہ صفائی کے معیار کو ہر صورت برقرار رکھا جائے اور عوامی شکایات کا فوری ازالہ یقینی بنایا جائے۔
شہریوں نے صفائی کے بہتر انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے حکومت پنجاب اور ڈائیوو ویسٹ مینجمنٹ کی کارکردگی کو سراہا ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شہر کی خوبصورتی اور صحت مند ماحول برقرار رکھنے کے لیے مانیٹرنگ کا یہ عمل مستقل بنیادوں پر جاری رہے گا تاکہ "ستھرا پنجاب” مہم کے ثمرات عام آدمی تک پہنچ سکیں۔