ڈیرہ غازی خان (کیو این این ورلڈ/سٹی رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن ’’ستھرا پنجاب‘‘ کے تحت جاری صفائی و ستھرائی پروگرام ایک مثالی اور قابلِ تقلید اقدام بن چکا ہے، جس کے مثبت اثرات عوام روزمرہ زندگی میں براہِ راست محسوس کر رہے ہیں۔ ڈائیوو ویسٹ مینجمنٹ کے ریجنل منیجر شاہزیب خان اور ریجنل کوآرڈینیٹر عبداللہ عباسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈیرہ غازی خان میں ستھرا پنجاب پروگرام نے صفائی کے حوالے سے ایک نئی تاریخ رقم کی ہے، جسے اب عالمی سطح پر بھی سراہا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ علاقے جہاں برسوں تک صفائی و ستھرائی کا کوئی تصور موجود نہیں تھا، آج وہاں روزانہ کی بنیاد پر گلی محلوں کی صفائی اور گھر گھر سے کوڑا کرکٹ کی باقاعدہ کولیکشن یقینی بنائی جا رہی ہے۔

انتظامیہ کے مطابق اس پروگرام کے تحت نہ صرف سڑکوں کی سرف اور فینائل سے دھلائی کی جا رہی ہے بلکہ اسکولوں، مساجد اور قبرستانوں کی باقاعدہ صفائی پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ عبداللہ عباسی کوآرڈینیٹر نے مزید کہا کہ ستھرا پنجاب ایک عالمی معیار کا ادارہ بن چکا ہے، جہاں ڈائیوو ویسٹ مینجمنٹ کے اعلیٰ افسران کی خصوصی نگرانی میں تمام امور انجام دیے جا رہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ شہر کے مختلف علاقوں کے مکین صفائی کے اس جدید نظام سے مکمل طور پر مطمئن نظر آتے ہیں اور گندگی کے ڈھیروں کا خاتمہ ممکن ہو سکا ہے۔

دوسری جانب ادارے کے ایچ آر منیجر یعقوب خان نے واضح کیا ہے کہ ادارے میں محنتی اور ایماندار ملازمین کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے، جبکہ نظم و ضبط کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا گیا ہے۔ حالیہ دنوں میں شفاف تحقیقات کے بعد کام چور اور کرپٹ عناصر کو ادارے سے فارغ کر دیا گیا ہے تاکہ عوامی خدمت کے مشن میں کوئی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔ عوامی حلقوں نے بھی وزیر اعلیٰ پنجاب کے اس ویژن اور فیلڈ میں موجود ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ صفائی کا یہ نظام مستقبل میں مزید مؤثر ثابت ہوگا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے