ڈیرہ غازیخان: پولیس مقابلہ، دو خطرناک ملزمان زخمی حالت میں گرفتار

ڈیرہ غازیخان (کیو این این ورلڈ) تھانہ دراہمہ کے علاقے میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مقابلے کے دوران اقدام قتل اور ڈکیتی جیسے سنگین جرائم میں ملوث دو ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے، جبکہ ان کے دیگر ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

ایس ایچ او تھانہ دراہمہ کے مطابق پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ پانچ مسلح ملزمان کوٹ چھٹہ روڈ پر جنگل سفیدہ کے قریب ڈکیتی کی نیت سے موجود ہیں۔ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی تو ملزمان نے پولیس کو دیکھتے ہی اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔

پولیس نے خود کو محفوظ بناتے ہوئے جوابی فائرنگ کی، جس کے بعد فائرنگ کا سلسلہ رک گیا۔ پولیس جب موقع کے قریب پہنچی تو دیکھا کہ دو ملزمان اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آ کر زخمی حالت میں پڑے ہوئے ہیں جبکہ دیگر ملزمان فرار ہو چکے تھے۔

گرفتار زخمی ملزمان کی شناخت رمضان ولد غلام رضا سکنہ شہزاد کالونی اور یوسف ولد اللہ بچایا قوم بھنڈ سکنہ دری میرو کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق دونوں ملزمان ریکارڈ یافتہ ہیں اور ان کے خلاف اقدام قتل، ڈکیتی اور چوری سمیت متعدد سنگین مقدمات درج ہیں۔

پولیس نے زخمی ملزمان کو اسلحہ اور ڈکیتی شدہ موٹر سائیکل سمیت تحویل میں لے کر گرفتار کر لیا ہے، جبکہ انہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے اور جلد انہیں بھی قانون کی گرفت میں لے لیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے