ڈیرہ غازی خان (رپورٹ:سید ریاض جاذب) ڈیرہ غازی خان بار ایسوسی ایشن کے سال 27-2026 کے سالانہ انتخابات کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج جاری کر دیے گئے ہیں، جس کے مطابق سلیم جان کھوسہ ایڈووکیٹ صدر اور خالد گوپانگ جنرل سیکریٹری منتخب ہو گئے ہیں۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق 10 جنوری 2026 کو ہونے والے ان انتخابات میں وکلاء نے بھرپور جوش و خروش کا مظاہرہ کیا اور مجموعی طور پر 1071 ووٹ کاسٹ کیے گئے۔ صدر کے عہدے کے لیے سلیم جان کھوسہ ایڈووکیٹ 624 ووٹ لے کر فاتح قرار پائے جبکہ ان کے مدِ مقابل محمود خان کھیتران ایڈووکیٹ 427 ووٹ حاصل کر سکے۔ جنرل سیکریٹری کی نشست پر خالد گوپانگ ایڈووکیٹ نے 587 ووٹ حاصل کر کے واضح کامیابی سمیٹی، جبکہ ان کے حریف عاطف مستوئی ایڈووکیٹ 438 ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

دیگر عہدوں پر ہونے والے مقابلوں میں نائب صدر کی نشست پر ارسلان یونس ایڈووکیٹ 533 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، جبکہ ان کے مدمقابل وقاص قریشی ایڈووکیٹ کو 488 ووٹ ملے۔ جوائنٹ سیکریٹری کے عہدے پر ذیشان بلال بزدار ایڈووکیٹ نے 732 ووٹوں کی بھاری اکثریت کے ساتھ میدان مار لیا، جبکہ اعجاز لغاری ایڈووکیٹ 308 ووٹ حاصل کر سکے۔ اسی طرح فنانس سیکریٹری کے عہدے پر رخشندہ جاوید ایڈووکیٹ 564 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائیں اور ان کے مدِ مقابل ظفر اقبال ایڈووکیٹ 465 ووٹ حاصل کر سکے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق تمام انتخابی عمل انتہائی پُرامن اور خوشگوار ماحول میں مکمل ہوا، جس کے بعد بار روم میں جشن کا سماں رہا اور وکلاء نے نو منتخب عہدیداران کو پھولوں کے ہار پہنا کر مبارکباد دی۔ نو منتخب عہدیداران نے اس موقع پر وکلاء برادری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے عزم ظاہر کیا کہ وہ وکلاء کے مسائل کے حل، بار کی فلاح و بہبود اور انصاف کی فراہمی میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کریں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے