بہاولپور (کیو این این ورلڈ) ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور سمیت مختلف مدارس اور تعلیمی اداروں کے اساتذہ اور طلبہ و طالبات کے ساتھ ایک خصوصی نشست کا انعقاد کیا، جس میں انہوں نے بہاولپور کے عوام کی تحریکِ پاکستان اور استحکامِ پاکستان کے لیے دی جانے والی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا۔ اس اہم نشست کے دوران قومی و علاقائی صورتحال، آپریشن بنیان المرصوص اور قومی سلامتی میں پاک فوج کے کلیدی کردار پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ سیشن میں فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے درمیان بھارتی گٹھ جوڑ اور سوشل میڈیا پر کیے جانے والے منفی پروپیگنڈے کو بھی خاص طور پر زیرِ بحث لایا گیا تاکہ نوجوانوں کو درپیش چیلنجز سے آگاہ کیا جا سکے۔
اسلامیہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور دیگر شرکاء نے پاکستان کی قومی سلامتی کے مفہوم اور مقاصد پر تفصیلی آگاہی فراہم کرنے کے اس اقدام کو بھرپور سراہا۔ شرکاء نے میڈیا لٹریسی کو نوجوانوں کے شعور اور رائے کے تحفظ کے لیے انتہائی ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ دشمن کے بیانیے سے بچاؤ کا مؤثر ترین ذریعہ ہے۔ مدارس کے طلبہ اور یونیورسٹی کے نوجوانوں نے ہر مشکل گھڑی میں قوم کا ساتھ دینے پر پاک فوج کو خراجِ تحسین پیش کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ پاک فوج نے ہمیشہ ریاست اور آئین کا سر فخر سے بلند رکھا ہے۔ تقریب کے اختتام پر طلبہ و طالبات نے پاک فوج اور پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگا کر اپنی محبت کا اظہار کیا۔