ڈیرہ غازی خان (کیو این این ورلڈ/سٹی رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے "ستھرا پنجاب” ویژن کے تحت صفائی کے شعبے سے وابستہ محنت کشوں کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے جس کے تحت ورکرز میں راشن کارڈز تقسیم کیے گئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کے اس موقف کی روشنی میں کہ کسی بھی ادارے کی کامیابی میں اس کے ورکرز کلیدی کردار ادا کرتے ہیں، ڈائیوو ویسٹ مینجمنٹ کے ریجنل منیجر شاہزیب خان، کوآرڈینیٹر عبداللہ عباسی، ایچ آر منیجر محمد یعقوب اور تحصیل منیجر رانا عثمان نے ایک تقریب کے دوران صفائی ورکرز میں راشن کارڈز تقسیم کیے۔ اس موقع پر انتظامیہ کا کہنا تھا کہ یہ ورکرز شہر کی خوبصورتی اور صحت مند ماحول کے قیام کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، اسی لیے حکومت ان کی سماجی و معاشی مدد کو ترجیح دے رہی ہے۔
تقریب کے دوران گفتگو کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ "ستھرا پنجاب” پروگرام ایک عظیم منصوبہ ہے جس کی پذیرائی عالمی سطح پر ہو رہی ہے اور اس کامیابی کا اصل سہرا ان محنت کشوں کے سر ہے جو دن رات شہر کو صاف ستھرا رکھنے میں مصروف رہتے ہیں۔ راشن کارڈز کی وصولی پر ڈائیوو ویسٹ مینجمنٹ کے ورکرز نے انتہائی خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا، ان کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے اس مشکل معاشی دور میں محنت کش طبقے کا خیال رکھنا خوش آئند ہے، جس پر انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب اور مقامی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔

