بیجنگ (کیو این این ورلڈ) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے دورہ بیجنگ کے دوران پاکستان اور چین نے اقتصادی راہداری (سی پیک) سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جانے اور باہمی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کر لیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم نے بیجنگ میں اعلیٰ سطح کی سفارتی مصروفیات کے دوران چین کی کمیونسٹ پارٹی کے بین الاقوامی شعبے کے وزیر لیو ہائی شنگ سے اہم ملاقات کی، جس میں دونوں فریقین نے پاک-چین دوطرفہ تعلقات کی موجودہ صورتحال پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر پارٹی ٹو پارٹی روابط، علاقائی سلامتی اور سی پیک کے تحت جاری منصوبوں کی پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کو انتہائی بامقصد اور شایان شان انداز میں منانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے چین کے ایگزیکٹو نائب وزیراعظم ڈِنگ شوئے شیانگ سے بھی خصوصی ملاقات کی، جس میں پاک-چین ہمہ موسمی تزویراتی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ چینی نائب وزیراعظم نے چین کے بنیادی مفادات پر پاکستان کی مستقل اور غیر متزلزل حمایت کو سراہتے ہوئے پاکستانی قیادت اور عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ سی پیک کے دوسرے مرحلے کی کامیابی اور مختلف شعبوں میں جاری تعاون کو نئی جہت دینا دونوں ممالک کے مشترکہ مفاد میں ہے۔ اسحاق ڈار بیجنگ میں ساتویں پاک-چین اسٹریٹجک ڈائیلاگ کی مشترکہ صدارت بھی کریں گے، جسے دونوں ممالک کے درمیان پالیسی سازی کے حوالے سے انتہائی اہم سمجھا جا رہا ہے۔

بیجنگ میں قیام کے دوران نائب وزیراعظم نے سفارتی محاذ پر بھی بھرپور سرگرمی دکھائی اور ملائیشیا، مصر کے وزرائے خارجہ اور بنگلہ دیش کے خارجہ مشیر سے علیحدہ علیحدہ ٹیلیفونک گفتگو کی۔ ان رابطوں میں دوطرفہ تعلقات، ایشیا اور مشرق وسطیٰ کی حالیہ کشیدہ صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ تمام رہنماؤں نے علاقائی مسائل کے حل کے لیے مکالمے اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے مستقبل میں قریبی رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔ اسحاق ڈار کا یہ دورہ ایک ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب خطے میں تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر پاکستان اور چین کے درمیان تزویراتی ہم آہنگی کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے