اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) دیپالپور میں ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی ہدایت پر میڈیکل سٹورز کی انسپیکشنز کا سلسلہ جاری ہے۔ سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر فواد افتخار کی زیر نگرانی ڈرگ انسپکٹر عدنان یعقوب نے بصیر پور کے متعدد میڈیکل سٹورز کی چیکنگ کے دوران قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے سٹورز سیل کر دیے۔
ڈرگ انسپکٹر عدنان یعقوب نے کہا کہ ڈرگ ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والے میڈیکل سٹورز کام کرنے کے مجاز نہیں ہیں اور ایسے سٹورز کو اب کسی بھی صورت میں کام کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ میڈیکل سٹورز اور اتائیوں کے خلاف سخت اقدامات تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گے اور انہیں سیل کر کے ڈرگ ایکٹ کے تحت متعلقہ کیسز عدالت میں بھیج دیے جائیں گے تاکہ شہریوں کی زندگیوں کو خطرے سے محفوظ بنایا جا سکے۔