اسلام آباد (کیو این این ورلڈ) وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے رجحان کے باوجود ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں مستحکم رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعظم نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ عام آدمی پر معاشی بوجھ کم کرنے کے لیے قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت اپنے وعدے کے مطابق ان مشکل حالات میں بھی عوام تک ریلیف پہنچانے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے خطے میں جاری کشیدگی اور عالمی معیشت پر پڑنے والے دباؤ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان عوامل کے باعث پاکستان کی معیشت پر بھی اثرات کا خدشہ ہے، تاہم حکومت صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ بروقت پالیسی سازی اور مالی نظم و ضبط کے ذریعے معاشی چیلنجز سے نمٹا جا رہا ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ مشکل حالات میں غریب طبقے کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے بچت کے اقدامات کا آغاز اشرافیہ اور حکومت سے کیا گیا ہے، جس میں صوبائی حکومتیں بھی وفاق کا بھرپور ساتھ دے رہی ہیں۔

انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ سفارتی اور معاشی ٹیم کی کوششوں سے ملک میں خام تیل کی ضرورت کے مطابق مقدار دستیاب ہے۔ وزیراعظم نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں مقررہ قیمتوں سے زائد وصولی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کریں تاکہ ریلیف براہ راست عوام تک پہنچ سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے