اوچ شریف (کیو این این ورلڈ/رپورٹ حبیب خان) ڈپٹی کمشنر بہاولپور سید حسن رضا نے اوچ شریف میں زیرِ تعمیر اسپورٹس کمپلیکس کا تفصیلی دورہ کیا جہاں انہیں منصوبے کی پیش رفت، تعمیراتی معیار اور دیگر اہم امور کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے کمپلیکس کے مختلف حصوں کا باریک بینی سے معائنہ کیا اور متعلقہ افسران کو سختی سے ہدایت کی کہ تعمیراتی کام مقررہ مدت کے اندر ہر صورت مکمل کیا جائے اور کام کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اسپورٹس کمپلیکس مقامی نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی فراہمی میں کلیدی کردار ادا کرے گا اور علاقے میں کھیلوں کے فروغ کے لیے ایک سنگِ میل ثابت ہوگا۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ نوید حیدر بھی ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ موجود تھے جنہوں نے انہیں منصوبے کی موجودہ صورتحال، درپیش مسائل اور آئندہ کے لائحہ عمل سے متعلق آگاہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر سید حسن رضا نے متعلقہ محکموں کو مزید ہدایت کی کہ اسپورٹس کمپلیکس میں تمام سہولیات کو جدید تقاضوں کے مطابق مکمل کیا جائے تاکہ عوام بالخصوص نوجوان نسل کو کھیلوں کی معیاری سہولیات میسر آ سکیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ضلعی انتظامیہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور ان منصوبوں کی مانیٹرنگ کا عمل مسلسل جاری رہے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے