اوکاڑہ،رینالہ خورد (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف+نامہ نگار) تھانہ شیر گڑھ کے علاقے میں ایک افسوسناک واقعے میں ذہنی معذور باپ نے ڈنڈوں کے تشدد سے اپنی کمسن بیٹی چانن زاہرہ کو قتل کر دیا اور موقع سے فرار ہو گیا۔ پولیس نے مقتولہ کی والدہ آمنہ بی بی کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنا شروع کر دیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اہل محلہ نے گھر سے شور کی آوازیں سن کر دروازہ توڑا تو اندر بچی کی لاش پڑی تھی۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے اور لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا۔ پولیس کی ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم علی دانیال کچھ عرصے سے ذہنی مریض تھا، جس نے مبینہ طور پر ڈنڈے کے وار کر کے اپنی ہی بیٹی کی جان لے لی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کی تلاش کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں اور اسے جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔ علاقے میں اس لرزہ خیز واقعے کے بعد شدید خوف و ہراس اور غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔
