اسلام آباد(کیو این این ورلڈ)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سیکٹر جی سیون ٹو میں شادی کی تقریب والے گھر میں گیس سلنڈر پھٹنے سے دلہا اور دلہن سمیت 8 افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہو گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے مطابق اتوار کی صبح پیش آنے والے اس المناک حادثے میں مجموعی طور پر 19 افراد کو ریسکیو کیا گیا، جن میں سے شدید زخمیوں کو پمز ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ (کیو این این ورلڈ) دھماکا اتنا شدید تھا کہ اس سے چار قریبی گھروں کو بھی نقصان پہنچا، جبکہ ریسکیو ٹیموں اور پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملبے تلے دبے تمام افراد کو نکال کر سرچ آپریشن مکمل کر لیا ہے۔
دھماکے میں جاں بحق ہونے والے دلہے کے والد نے انتہائی رنج و غم کی حالت میں میڈیا کو بتایا کہ صبح سات بجے کے قریب جب وہ برابر کے کمرے میں موجود تھے، اچانک زوردار دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں ان کا بیٹا، بہو، اہلیہ اور بڑی بھابھی جاں بحق ہو گئیں جبکہ بیٹی اور سالی زخمی ہیں۔ اسلام آباد پولیس کے سینئر افسران اور ڈی آئی جی نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور علاقے کو سیل کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ دھماکے کی وجوہات کا حتمی تعین کیا جا سکے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر صاحبزادہ یوسف نے تصدیق کی ہے کہ تمام متاثرین کو ملبے سے نکال لیا گیا ہے اور امدادی کارروائیاں مکمل کر لی گئی ہیں۔