(کیو این این ورلڈ) وینزویلا میں تیزی سے بدلتی ہوئی سیاسی صورتحال اور صدر نکولس مادورو کی گرفتاری کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں گراوٹ کا رجحان دیکھا جا رہا ہے۔ ایشیائی مارکیٹ میں برینٹ خام تیل کی قیمت میں 0.63 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد اس کی قیمت 60.37 ڈالر فی بیرل ہوگئی ہے، جبکہ ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) کی قیمت بھی 0.70 فیصد کمی کے ساتھ 56.92 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آ گئی ہے۔ معاشی ماہرین کے مطابق وینزویلا میں ہونے والی حالیہ پیش رفت نے سپلائی کے حوالے سے خدشات اور مارکیٹ کے اتار چڑھاؤ کو متاثر کیا ہے، جس کا براہِ راست اثر عالمی قیمتوں پر پڑ رہا ہے۔

واضح رہے کہ دو روز قبل وینزویلا پر امریکی کارروائی کے بعد صدر نکولس مادورو کو حراست میں لے کر طیارے کے ذریعے نیویارک منتقل کر دیا گیا تھا۔ امریکی حکام کے مطابق نکولس مادورو کو آج نیویارک کی مقامی عدالت میں پیش کیا جائے گا، جہاں ان کے خلاف منشیات کی اسمگلنگ اور دہشت گردی کی معاونت جیسے سنگین الزامات کے تحت مقدمہ چلایا جائے گا۔ بین الاقوامی سطح پر اس واقعے کو وینزویلا کے سیاسی مستقبل اور خطے میں امریکی اثر و رسوخ کے حوالے سے انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ دوسری جانب تیل پیدا کرنے والے ممالک کی تنظیمیں صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے