انڈر 19 ایشیا کرکٹ کپ کے فائنل میں روایتی حریف بھارت کو عبرتناک شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرنے والی قومی ٹیم ٹرافی کے ہمراہ وطن واپس پہنچ گئی ہے جہاں اسلام آباد ایئرپورٹ پر ان کا والہانہ استقبال کیا گیا۔ رات گئے کھلاڑیوں کی آمد پر ایئرپورٹ کا منظر دیدنی تھا، جہاں شہریوں کی بڑی تعداد نے فاتح شاہینوں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں، انہیں ہار پہنائے اور ڈھول کی تھاپ پر رقص کر کے اپنی خوشی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد، ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید اور دیگر اعلیٰ حکام بھی ایئرپورٹ پر موجود تھے جنہوں نے کھلاڑیوں کا خیرمقدم کیا، جبکہ ایئرپورٹ کے باہر شاندار آتش بازی کی گئی اور فضا پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونجتی رہی۔

قومی جونیئر ٹیم نے فائنل میں بھارت کو 191 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر دوسری بار ایشیا کپ کا تاج اپنے سر سجایا ہے۔ پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 347 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف کھڑا کیا، جس میں سمیر منہاس کی 172 رنز کی جارحانہ اننگز نے کلیدی کردار ادا کیا۔ بڑے ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم محض 156 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ تاریخی کامیابی حاصل کرنے والے ان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے وزیراعظم شہباز شریف آج ان سے خصوصی ملاقات کریں گے، جس میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہا جائے گا اور انہیں انعامات سے نوازا جائے گا۔ تمام کھلاڑیوں کو ایئرپورٹ سے سخت سیکیورٹی اور وی آئی پی پروٹوکول میں مقامی ہوٹل منتقل کر دیا گیا ہے۔