لاہور (ویب ڈیسک):لاہور ہائیکورٹ نے کام کی جگہ پر خواتین کو ہراساں کرنے کے ایک اہم مقدمے میں صوبائی محتسب پنجاب کے فیصلے کو درست قرار دیتے ہوئے ڈائریکٹر مینجمنٹ ووکیشنل انسٹیٹیوٹ کو ملازمت سے برخاست کرنے کا اقدام برقرار رکھا ہے۔

جسٹس راحیل کامران شیخ نے عمر شہزاد کی درخواست پر 17 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ خواتین اکثر عزت، خاندانی وقار اور سماجی دباؤ کے باعث ہراسگی کے واقعات کی فوری رپورٹ نہیں کرتیں، تاہم اس خاموشی کو ہرگز رضامندی نہیں سمجھا جا سکتا اور نہ ہی اس بنیاد پر ان سے شکایت کا حق چھینا جا سکتا ہے۔

عدالت نے واضح کیا کہ کام کی جگہ پر ہراسگی صرف دفتر کی حدود تک محدود نہیں ہوتی، اگر کوئی افسر اپنے عہدے یا اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے خاتون کو دھمکائے یا ناجائز تعلقات پر مجبور کرے تو یہ بھی ہراسمنٹ کے زمرے میں آتا ہے۔

فیصلے کے مطابق شکایت کنندہ خاتون ٹیچر نے الزام عائد کیا کہ درخواست گزار اسے غلط نظروں سے دیکھتا، ناجائز تعلقات کے لیے پیغامات بھیجتا اور انکار پر نوکری ختم کرنے کی دھمکیاں دیتا رہا۔ خاتون کے مطابق ستمبر 2022 میں درخواست گزار اس کے گھر آیا اور زبردستی زیادتی کی کوشش کی۔

درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ واقعہ کام کی جگہ پر پیش نہیں آیا اور شکایت ذاتی رنجش کا نتیجہ ہے، تاہم عدالت نے قرار دیا کہ یہ الزامات اختیارات کے غلط استعمال کے زمرے میں آتے ہیں اور شکایت کنندہ کے کردار پر سوال اٹھانا درخواست گزار کے طرزِ عمل کو جواز فراہم نہیں کرتا۔

عدالت نے یہ اعتراض بھی مسترد کر دیا کہ فوجداری کارروائی کی موجودگی میں محتسب کارروائی نہیں کر سکتا، اور واضح کیا کہ محتسب پنجاب کا دائرہ کار نظم و ضبط سے متعلق ہے جبکہ فوجداری مقدمہ ایک الگ قانونی عمل ہے۔

لاہور ہائیکورٹ نے قرار دیا کہ محتسب پنجاب اور گورنر کے فیصلوں میں کوئی قانونی خامی موجود نہیں، لہٰذا درخواست گزار کی نوکری بحالی کی استدعا مسترد کر دی گئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے