راجن پور (کیو این این ورلڈ)کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن اشفاق احمد چوہدری نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال راجن پور کا تفصیلی دورہ کیا اور وہاں مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا باریک بینی سے معائنہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر راجن پور عمران حسین رانجھا اور محکمہ صحت کے افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ کمشنر نے ہسپتال کے ایمرجنسی وارڈ، او پی ڈی، فارمیسی، میڈیکل اور سرجیکل وارڈز سمیت مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور ڈاکٹرز سمیت پیرا میڈیکل سٹاف کی حاضری چیک کی۔ انہوں نے ڈیوٹی پر موجود عملے کو سخت ہدایات جاری کیں کہ مریضوں کو بروقت اور معیاری علاج کی فراہمی میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے کیونکہ عوام کی صحت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

دورے کے دوران کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے زیرِ علاج مریضوں اور ان کے لواحقین سے ملاقات کر کے ان کی خیریت دریافت کی اور ہسپتال سے ملنے والی ادویات و تشخیصی سہولیات کے معیار کے بارے میں استفسار کیا، جس پر مریضوں نے مجموعی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ کمشنر ڈی جی خان نے واضح کیا کہ حکومت پنجاب عوام کو مفت اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے اور اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو صفائی ستھرائی کے نظام کو مزید بہتر بنانے، ادویات کی مسلسل دستیابی یقینی بنانے اور مریضوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آنے کی تاکید کی تاکہ ضلعی ہسپتال کی کارکردگی کو مثالی بنایا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے