راجن پور (کیو این این ورلڈ)کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن اشفاق احمد چوہدری نے راجن پور کے فخرِ جہاں پارک کا تفصیلی دورہ کیا اور وہاں شہریوں کے لیے فراہم کی جانے والی تفریحی سہولیات کا بغور جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر راجن پور عمران حسین رانجھا اور پارک انتظامیہ کے افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ کمشنر نے پارک میں صفائی ستھرائی، ہارٹیکلچر، روشنی کے انتظامات، واکنگ ٹریک اور بچوں کے جھولوں سمیت دیگر ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے افسران کو سختی سے ہدایت کی کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق عوام کو صحت مند، محفوظ اور معیاری تفریحی ماحول کی فراہمی یقینی بنائی جائے کیونکہ پارکس شہریوں کے لیے ذہنی سکون اور صحت مند سرگرمیوں کا اہم ذریعہ ہیں۔
کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے زور دیا کہ پارک کی صفائی کا معیار روزانہ کی بنیاد پر برقرار رکھا جائے اور اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر راجن پور عمران حسین رانجھا نے کمشنر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ فخرِ جہاں پارک میں عوامی سہولیات کی بہتری کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں اور بقیہ کام بھی جلد مکمل کر لیے جائیں گے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ضلعی انتظامیہ وزیراعلیٰ پنجاب کے عوام دوست اقدامات پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنا رہی ہے تاکہ شہریوں کو ایک خوشگوار اور صاف ستھرا تفریحی ماحول میسر آ سکے۔
