احمد پور شرقیہ (کیو این این ورلڈ/نامہ نگارحبیب خان) کمشنر بہاولپور ڈویژن مسرت جبیں نے تحصیل احمد پور شرقیہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مختلف سرکاری اداروں، ہسپتال اور جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دورے کے آغاز میں انہوں نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کا معائنہ کیا اور ایمرجنسی سمیت مختلف وارڈز میں جا کر مریضوں سے طبی سہولیات اور ادویات کی فراہمی کے متعلق دریافت کیا۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو سخت ہدایت کی کہ مریضوں کے علاج معالجے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام عملہ اپنی حاضری کو یقینی بنائے۔
کمشنر بہاولپور نے اسسٹنٹ کمشنر آفس میں منعقدہ کھلی کچہری میں بھی شرکت کی، جہاں انہوں نے شہریوں کے مسائل سنے۔ عوام کی جانب سے صحت، صفائی، تجاوزات اور پینے کے صاف پانی سے متعلق شکایات پیش کی گئیں، جس پر کمشنر نے موقع پر موجود متعلقہ افسران کو ان مسائل کے فوری حل کے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوامی شکایات کا بروقت ازالہ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کسی بھی سطح پر تاخیر قبول نہیں کی جائے گی۔
بعد ازاں کمشنر مسرت جبیں نے محمود پارک کا معائنہ کر کے وہاں صفائی ستھرائی اور تفریحی سہولیات کا جائزہ لیا، جبکہ اوچ شریف میں زیرِ تعمیر نئے اسپورٹس کمپلیکس کا دورہ کر کے تعمیراتی کام کی پیش رفت کا معائنہ بھی کیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اسپورٹس کمپلیکس کے منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے اور تعمیراتی معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ کمشنر بہاولپور نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سرکاری اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے اور عوامی فلاح کے منصوبوں کی نگرانی کے لیے مانیٹرنگ کا عمل مسلسل جاری رہے گا۔